بھارت میں ایک منفرد مقابلے نے لوگوں کی توجہ حاصل کرلی، جہاں ایک لڑکی نے نیند سے متعلق 60 روزہ مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے 9 لاکھ 63 ہزار 400 بھارتی روپے کا نقد انعام جیت لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقابلہ گھریلو اشیاء بنانے والی کمپنی ویک فٹ نے منعقد کیا تھا، جس میں پورے بھارت سے دو لاکھ سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروائیں۔ مختلف مراحل اور انٹرویوز کے بعد صرف 10 امیدواروں کو منتخب کیا گیا۔

مقابلے میں شرکاء کو باقاعدگی سے سونے، نیند کا مقررہ معمول برقرار رکھنے اور ہفتہ وار دلچسپ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ذمہ داری دی گئی۔ ان کی روزانہ کی کارکردگی کے مطابق نمبر دیے جاتے اور درجہ بندی کی جاتی تھی۔

شرکاء کو فلموں کے مشہور مناظر نیند کے انداز میں دوبارہ پیش کرنے، ایک ہفتے کی نیند کی عادات کا جائزہ لینے اور گفتگو کے دوران مخصوص الفاظ استعمال کرنے جیسے دلچسپ چیلنجز بھی دیے گئے۔

فائنل مرحلے میں امیدواروں نے اپنی مرضی کے مطابق تیار کردہ ماحول میں ایک رات گزاری۔ نیند کے اسکور کی بنیاد پر جینیا چیٹرجی کو فاتح قرار دیا گیا۔

انہیں 9 لاکھ 63 ہزار 400 بھارتی روپے کے نقد انعام کے ساتھ کمپنی کی جانب سے سیاحتی دورے کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ مقابلہ پہلی بار 2019ء میں شروع کیا گیا تھا اور ابتدائی چار سیزنز میں 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔