بھارت کی ریاست بہار میں ایک سیاستدان کی بیٹی کی شادی غیر معمولی انتظامات اور شاہانہ تقریبات کے باعث توجہ کا مرکز بن گئی، جہاں میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب میں تقریباً پانچ لاکھ افراد شریک ہوئے۔
بہار کے رکن اسمبلی اننت سنگھ کی بیٹی شیوانگی سنگھ کی شادی کئی روز تک جاری رہنے والی تقریبات کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔ شادی کے لیے چھ ہیلی پیڈ بنائے گئے، جبکہ مہمانوں کی تواضع کے لیے 150 سے زائد اقسام کے کھانے تیار کیے گئے۔
تقریب میں اہم سیاسی شخصیات، مقامی رہنما اور بڑی تعداد میں عام شہری شریک ہوئے۔ دلہا رشی کیش کمار 151 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ پہنچے، جبکہ دلہن لینڈ کروزر میں تقریب میں داخل ہوئیں۔
شادی کی تقریبات میں 52 گھوڑوں کی گھڑ دوڑ بھی شامل تھی، تاہم غیر معمولی ہجوم کے باعث مقابلے کو ملتوی کرنا پڑا۔ اس سے قبل گھڑ دوڑ کے فاتح کے لیے گاڑی اور دیگر انعامات کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
بہار جیسے معاشی طور پر کم ترقی یافتہ علاقے میں اس قدر بڑے پیمانے پر ہونے والی شادی نے اخراجات، دولت کے ذرائع اور سیاسی شخصیات کے طرزِ زندگی پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔





