ایران میں ایک آن لائن کنسرٹ نے گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کی ٹیم کو سخت سزا دلوا دی، جہاں گلوکارہ سمیت موسیقاروں اور پروڈکشن ٹیم کے ارکان کو 74، 74 کوڑے مارے گئے۔
29 سالہ پرستو احمدی نے دسمبر 2024 میں ایک روایتی کاروان سرائے میں بغیر حجاب کے موسیقی کی پرفارمنس ریکارڈ کرکے یوٹیوب پر نشر کی تھی۔ اس کنسرٹ میں نہ کوئی باقاعدہ سامعین موجود تھے اور نہ ہی روایتی اسٹیج شو کا ماحول، لیکن ویڈیو لاکھوں لوگوں تک پہنچ گئی۔
ایرانی قوانین کے تحت خواتین کے عوامی مقامات پر گانے اور سخت لباس کے ضابطوں کی خلاف ورزی کو جرم سمجھا جاتا ہے۔ اسی کنسرٹ کے سلسلے میں احمدی، چار موسیقاروں اور پروڈکشن ٹیم کے دیگر ارکان کے خلاف مقدمہ چلایا گیا۔
ان کے وکیل کے مطابق، گلوکارہ اور پروڈکشن ٹیم کے چار ارکان کو 74 کوڑوں کی سزا پر عمل درآمد کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر سزا یافتہ افراد کے بارے میں واضح معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس سزا کی مذمت کرتے ہوئے اسے ظالمانہ، غیر انسانی اور توہین آمیز قرار دیا ہے۔ تنظیم نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کے حقوق، آزادیٔ اظہار اور موسیقی کی آزادی پر پابندیاں ختم کی جائیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ایران میں خواتین کی آزادی، حجاب کے قوانین اور فنکاروں کے اظہارِ رائے کے حق پر عالمی بحث کو جنم دے رہا ہے۔





