چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز ذیشان علی کے لیے 100 سے زائد اقسام کے حلال کھانوں پر مشتمل خصوصی مینو تیار کیا گیا ہے، جس میں پاکستانی ذائقوں اور روایتی کھانوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی جی ٹی این کے مطابق خصوصی مینو میں بیف نہاری، مٹن قورمہ، چنے کا سالن اور بٹر چکن سمیت مختلف کھانے شامل ہیں۔ خلائی اسٹیشن پر موجود پاکستانی خلا باز کی غذائی ضروریات، توانائی اور غذائیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کھانے تیار کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق کھانوں کی تیاری میں حلال اصولوں کا مکمل خیال رکھا گیا، جبکہ مختلف کھانوں کو بار بار چکھنے اور ان کی ترکیبوں میں بہتری لانے کا عمل بھی جاری رکھا گیا تاکہ خلا میں موجود خلا بازوں کو غذائیت کے ساتھ بہتر ذائقہ فراہم کیا جا سکے۔
ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز قرار دیے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے چینی ساتھیوں سے تعارف کے دوران علامہ محمد اقبال کا مشہور شعر بھی سنایا:
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں
یہ مشن چین اور پاکستان کے خلائی تعاون میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ خلا میں پاکستانی کھانوں کی موجودگی ایک منفرد ثقافتی پہلو بھی سامنے لاتی ہے۔





