لاہور کے ایک ویمن کالج کے سالانہ سپورٹس ڈے پر چھوڑے گئے غبارے ہوا کے ساتھ سفر کرتے ہوئے بھارت کی ریاست ہماچل پردیش تک پہنچ گئے، جہاں ایک شہری کے گھر کی چھت پر ان کے ساتھ آویزاں بینر بھی ملا۔
بھارتی شہری جے پرکاش کے مطابق، ابتدا میں غباروں اور بینر کو دیکھ کر انہیں تشویش ہوئی، تاہم جب معلوم ہوا کہ یہ لاہور کے گورنمنٹ گریجوئیٹ کالج فار ویمن کے سپورٹس ڈے سے متعلق ہیں تو حیرت خوشگوار احساس میں بدل گئی۔
انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے کالج انتظامیہ سے رابطہ کیا اور محبت، دوستی اور امن کا پیغام بھیجا۔ کالج کی اساتذہ اور طالبات نے بھی گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ غبارے دونوں ملکوں کے درمیان امن اور خیرسگالی کی علامت بنیں گے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے، جہاں صارفین اسے اس بات کی مثال قرار دے رہے ہیں کہ سیاسی کشیدگی کے باوجود عام لوگوں کے درمیان محبت اور انسانیت کے جذبات سرحدوں سے بالاتر ہیں۔





