جرمنی میں کیتھولک چرچ کے اندر بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات سے متعلق ایک تحقیق میں سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں۔ یونیورسٹی آف ٹریئر کی تحقیق کے مطابق 1946 سے 2021 کے درمیان جرمنی کے ٹریئر ڈائیوسیز میں تقریباً 800 بچوں اور نوجوانوں کو پادریوں اور دیگر مذہبی عہدیداروں کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
تحقیق میں 250 سے زائد مبینہ ملزمان کی نشاندہی کی گئی، تاہم محققین کے مطابق یہ اعدادوشمار صرف رپورٹ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہیں، جبکہ خوف، شرمندگی اور دباؤ کے باعث خاموش رہنے والے متاثرین کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق زیادتی کے بیشتر واقعات پادریوں کی رہائش گاہوں، گرجا گھروں، چرچ کے زیر انتظام ہاسٹلز اور بورڈنگ اسکولوں میں پیش آئے۔ بعض ملزمان نے بچوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مذہبی رسومات اور اعترافِ گناہ جیسے طریقوں کا بھی استعمال کیا۔
تحقیق میں چرچ کے بعض عہدیداروں پر واقعات کو چھپانے، ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے اور ملزمان کو تحفظ فراہم کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے۔ متاثرین کی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کو فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف حقیقی احتساب یقینی بنایا جائے۔





