رومانیہ میں تقریباً 7 ہزار سال پرانی ایک قبر سے دریافت ہونے والے دو چھوٹے انسانی مجسمے ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ ان میں سے ایک مجسمہ ایک ایسے شخص کی عکاسی کرتا ہے جو اپنے گھٹنوں پر کہنیاں رکھے اور دونوں ہاتھوں سے سر تھامے گہری سوچ میں بیٹھا ہے۔

یہ مجسمے 1956 میں جنوب مشرقی رومانیہ کے علاقے Cernavodă میں ایک قدیم قبرستان کی کھدائی کے دوران دریافت ہوئے تھے۔ انہیں Hamangia تہذیب سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے تقریباً 5000 قبل مسیح میں بنایا تھا۔

دونوں مجسمے مٹی کو پکا کر تیار کیے گئے ہیں اور ان کی اونچائی تقریباً ساڑھے چار انچ ہے۔

پہلے مجسمے کو The Thinker کہا جاتا ہے۔ اس میں ایک شخص چھوٹے سے اسٹول پر بیٹھا ہے، اس کی کہنیاں گھٹنوں پر ہیں اور سر دونوں ہاتھوں میں ہے۔ اس کا انداز دنیا کے مشہور مجسمہ ساز آگستے روڈین کے مجسمے The Thinker سے مشابہت رکھتا ہے۔

دوسرے مجسمے کو The Seated Woman کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں ایک خاتون بیٹھی ہوئی دکھائی دیتی ہیں، جن کی گردن قدرے جھکی ہوئی اور جسمانی ساخت نمایاں ہے۔

ماہرین کے مطابق ان مجسموں کی اصل اہمیت صرف ان کی قدامت نہیں بلکہ ان کا منفرد انداز بھی ہے۔ اسی قبرستان سے کئی دیگر انسانی مجسمے بھی ملے تھے، لیکن ان دونوں کو بیٹھے ہوئے انداز میں دکھایا گیا تھا، جو غیر معمولی بات تھی۔

ان مجسموں کا اصل مقصد آج بھی واضح نہیں۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ یہ مذہبی یا جادوئی رسومات سے متعلق ہو سکتے ہیں۔ رومانیہ کے قومی عجائب گھر کے مطابق یہ مرد اور عورت کے تعلق، قدیم خاندانی تصور یا تدفین کے دوران سوگ منانے والوں کی علامت بھی ہو سکتے ہیں۔

یہ دونوں مجسمے اب National Museum of Romanian History کے مجموعے کا حصہ ہیں۔ مردانہ مجسمہ آج بھی عجائب گھر کے لوگو میں استعمال ہوتا ہے۔