نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام میں شدت آنے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں سیلابی صورتحال کا خطرہ بتایا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی بھی ممکنہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 30 ستمبر تک پوٹھوہار، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور ضروری وسائل تیار رکھنے جبکہ بارش اور ندی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔






