وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بہتری آنے کی توقع ہے، جس سے عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ باب المندب میں پھنسے آئل بردار جہاز اپنی منزل کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں استحکام آنا شروع ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ اضافے کا رجحان اب بہتری کی طرف بڑھنے کی امید ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے واضح کیا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اوگرا مقررہ فارمولے کے تحت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئل ٹینکر مالکان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، جو کرایوں، کوٹے اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لے گی۔