پنجاب حکومت نے عوام کو اپنے گھروں کی مرمت، مضبوطی اور توسیع میں سہولت فراہم کرنے کے لیے "اپنی چھت، محفوظ چھت" پروگرام 2026 کے تحت 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکومت کے مطابق یہ اسکیم ایسے شہریوں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو اپنے موجودہ گھروں کی مرمت، چھت کی مضبوطی یا دوسری منزل کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت قرض دو مختلف کیٹیگریز میں فراہم کیے جائیں گے۔

پہلی کیٹیگری کے تحت گھر کی مرمت، چھت کی بحالی یا بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے 5 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض دیا جائے گا، جسے 9 سال میں تقریباً 4,700 روپے ماہانہ قسط کے ذریعے واپس کیا جائے گا۔

دوسری کیٹیگری میں وہ شہری شامل ہیں جو اپنے گھر کی توسیع یا دوسری منزل تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی واپسی کی مدت بھی 9 سال ہوگی اور ماہانہ قسط تقریباً 9,300 روپے مقرر کی گئی ہے۔

حکومت نے بتایا ہے کہ درخواست گزار acag.punjab.gov.pk پر جا کر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، جہاں رجسٹریشن کے بعد مطلوبہ دستاویزات جمع کروانا ہوں گی۔

جن افراد کے لیے آن لائن درخواست دینا ممکن نہیں، وہ اپنی ہاتھ سے لکھی درخواست ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر یا پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کے متعلقہ دفاتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق اس اسکیم کا مقصد شہریوں کو بغیر سود مالی سہولت فراہم کرکے محفوظ، مضبوط اور بہتر رہائش کی فراہمی میں مدد دینا ہے۔