لندن: سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر تازہ حملوں اور ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی بندش کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔

رائٹرز کے مطابق منگل کو برینٹ خام تیل کی قیمت 2.37 فیصد اضافے کے بعد 108.18 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 2.43 فیصد بڑھ کر 103.85 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے سعودی عرب پر تازہ حملوں اور خلیجی ممالک کی ایران کے ساتھ مجوزہ بات چیت ملتوی ہونے سے مارکیٹ میں سپلائی کے حوالے سے خدشات مزید گہرے ہوگئے ہیں۔

سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر حملے کے بعد اس کی سرگرمیاں معطل ہیں۔ یہ پائپ لائن سعودی تیل کو آبنائے ہرمز سے بچاتے ہوئے بحیرہ احمر کی جانب برآمد کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

گولڈمین سیکس کے مطابق پائپ لائن کی بندش کئی ہفتوں تک برقرار رہنے کی صورت میں تیل کی قیمتوں میں مزید نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ بعض حالات میں برینٹ 120 ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دریں اثنا آبنائے ہرمز سے گزرنے والی کمرشل جہازوں کی آمدورفت بھی کم ہوئی ہے، جس سے عالمی توانائی سپلائی کے حوالے سے تشویش میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔