امریکا میں ڈیزل کی فی گیلن قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جہاں قیمت 6.2 ڈالر فی گیلن سے تجاوز کر گئی ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور قیمتوں میں نمایاں کمی نہیں آ سکی۔ رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل 108 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 103 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔ اماراتی مربن بھی 119 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔
عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک پر بھی پڑنے کا خدشہ ہے۔ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان بھی آج رات متوقع ہے۔
دوسری جانب شام میں حکومت کی جانب سے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوام احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور ٹائر جلائے۔ شامی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 40 فیصد جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 28 فیصد اضافہ کیا تھا۔






