پنجاب حکومت نے بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند شہریوں کی مالی مشکلات کم کرنے کے لیے ’پرواز کارڈ‘ کے نام سے بلاسود فنانسنگ اسکیم شروع کردی۔

یہ پروگرام پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (PSDF) کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت بیرونِ ملک ملازمت کے لیے درکار ویزا، میڈیکل ٹیسٹ، ایئر ٹکٹ، اسکلز ویری فکیشن اور دیگر منظور شدہ اخراجات پورے کرنے کے لیے بلاسود مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اس اسکیم سے ہنرمند، نیم ہنرمند اور غیر ہنرمند کارکنوں سمیت ایسے پروفیشنلز بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے پاس بیرونِ ملک ملازمت کی تصدیق شدہ پیشکش موجود ہو۔ حاصل کردہ رقم آسان اقساط میں واپس کرنا ہوگی۔

درخواست دینے کے لیے امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال، پنجاب کا رہائشی اور درست قومی شناختی کارڈ کا حامل ہونا ضروری ہے، جبکہ بیرونِ ملک ملازمت کی تصدیق شدہ پیشکش بھی لازمی شرط ہے۔

حکام کے مطابق اسکیم کے درخواست، پراسیسنگ اور ٹریکنگ کے نظام کو ڈیجیٹل بنایا گیا ہے تاکہ عمل کو آسان، شفاف اور مؤثر بنایا جاسکے۔ مکمل دستاویزات اور کامیاب تصدیق کے بعد درخواستیں تقریباً 7 سے 10 کاروباری دنوں میں پراسیس ہونے کی توقع ہے۔

جن افراد کے پاس ابھی بیرونِ ملک ملازمت کی پیشکش نہیں ہے، وہ رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے روزگار کے مواقع تلاش کرسکتے ہیں۔ ملازمت کی تصدیق شدہ پیشکش حاصل ہونے کے بعد وہ پرواز کارڈ کے تحت بلاسود فنانسنگ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔