ملک میں پیاز کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ سامنے آگئی۔ کراچی میں پیاز 200 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے، جبکہ کمشنر لسٹ میں اس کی قیمت 184 روپے مقرر ہے۔ بازار میں چھوٹے سائز کی پیاز 150 روپے فی کلو میں بھی دستیاب ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہر سال وسط ستمبر سے وسط اکتوبر کے دوران پیاز کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ ربیع کی فصل کا اختتام ہے، جبکہ نئی فصل اکتوبر کے وسط تک مارکیٹ میں آنا شروع ہوجاتی ہے۔

اس دوران ملک میں پیاز کی ضرورت اس وقت بلوچستان سے پوری کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے ہر سال کی طرح رواں سال بھی پیاز درآمد کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب مہنگی پیٹرولیم مصنوعات بھی پیاز کی قیمتوں میں اضافے کا ایک سبب بن رہی ہیں، کیونکہ ایندھن کی قیمت بڑھنے سے زرعی پیداوار، نقل و حمل اور منڈی تک رسائی کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔