لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے طلبہ کے لیے چیف منسٹر الیکٹرک بائیک اسکیم کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت اہل طلبہ رعایتی قیمت پر الیکٹرک بائیکس آسان ماہانہ اقساط میں حاصل کرسکیں گے۔
اسکیم کے تحت پنجاب کے سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ایک لاکھ طلبہ و طالبات کو الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کی تجویز ہے۔
بائیک کی اصل قیمت 1 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم حکومتی سبسڈی کے بعد طلبہ کو 1 لاکھ 9 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
یہ رقم 36 ماہ کی آسان اقساط میں ادا کی جائے گی، جس کے نتیجے میں ماہانہ قسط تقریباً 3,028 روپے بنتی ہے۔
حکام کے مطابق بائیکس کی انشورنس، مارک اپ اور رجسٹریشن کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ طالبات کے لیے خصوصی طور پر گلابی رنگ کی بائیکس بھی دستیاب ہوں گی۔
اس اسکیم کے لیے آن لائن رجسٹریشن 5 ستمبر 2026 سے شروع ہوچکی ہے اور اہل طلبہ آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
حکومت کے مطابق اسکیم کا مقصد طلبہ، خصوصاً طالبات، کو تعلیم کے لیے سستی اور آسان سفری سہولت فراہم کرنا اور صوبے میں ماحول دوست الیکٹرک ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔






