اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 3 ارب روپے کا رسک پول بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسعت دے گا۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (EDF) سے متعلق اجلاس میں ادارے کی تنظیمِ نو اور اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ EDF کے پاس موجود سرمایہ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ اصلاحات کے بعد ادارے کی قیادت نجی شعبے کے ماہرین کے سپرد کی گئی ہے۔

وزیراعظم کے مطابق ان اقدامات کا مقصد برآمدات میں اضافہ، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور پاکستان کو عالمی سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے اصلاحات جاری رکھے گی۔