شارجہ کے حکمراں شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اور شہریوں کے لیے مالی معاونت بڑھانے کا اعلان کیا ہے، جس پر یکم ستمبر 2026 سے عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔

اعلان کے مطابق 17 ہزار 776 سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافے سے مستفید ہوں گے، جبکہ سرکاری ملازمین کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 20 ہزار درہم مقرر کردی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 15 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

حکام کے مطابق مالی معاونت حاصل کرنے والے 6 ہزار 652 خاندانوں کے لیے بھی امداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 2 ہزار 251 سرکاری ریٹائرڈ شہریوں کی کم از کم آمدن بڑھائی گئی ہے، جبکہ مزید 5 ہزار 300 ریٹائرڈ شہریوں کے لیے اضافی مالی امداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور شہریوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر کم از کم تنخواہ کا معیار بڑھایا گیا ہے تاکہ شہریوں کی مالی ضروریات بہتر انداز میں پوری کی جاسکیں۔

شیخ سلطان نے اماراتی شہریوں کو غیر ضروری قرض لینے سے گریز کرنے کی ترغیب بھی دی۔ حکام نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کے موبائل فون اور دیگر آلات کے استعمال کو محدود رکھیں، جبکہ بچوں کی صحت مند خوراک اور بہتر پرورش کے لیے سرکاری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔