اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ نے درآمدی موبائل فونز پر عائد بھاری ٹیکسوں میں نمایاں کمی کرنے کی سفارش کردی۔
اجلاس میں کمیٹی نے کسٹم حکام کو موبائل فونز کی حقیقی قیمتوں کے تعین کے لیے شفاف اور فعال نظام بنانے کی ہدایت کی۔ سینیٹرز نے کہا کہ مختلف ٹیکسز اور لیویز نے عام صارفین کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔
اجلاس میں عام استعمال کے موبائل فونز پر ٹیکس کے جواز پر بھی سوال اٹھایا گیا، جبکہ ایف بی آر حکام نے واضح کیا کہ ٹیکس عائد کرنے یا ختم کرنے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے۔
کمیٹی کے اجلاس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں اور موبائل فونز کی خرید و فروخت پر مزید سیلز ٹیکس کے اثرات پر بھی بات ہوئی۔ حکام نے ڈیجیٹلائزیشن کو متاثر ہونے سے بچانے پر زور دیا۔






