لاہور: پنجاب حکومت نے نئے کاروبار شروع کرنے اور موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کے لیے بڑے قرضوں کی منظوری دے دی۔

صوبائی وزیرِ صنعت چوہدری شافع حسین کی زیرِ صدارت پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے اجلاس میں نئے کاروبار کے لیے ایک کروڑ روپے جبکہ پہلے سے قائم کاروبار کی توسیع کے لیے 50 لاکھ روپے تک قرض دینے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں خواتین سرمایہ کاروں اور دستکاروں کے لیے 50 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں کی منظوری بھی دی گئی، جس کے تحت 5 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔

چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے مزید 50 کروڑ روپے کے ریوالونگ فنڈ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ میں جدید انڈسٹریل پارک کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔