جرمنی میں انجینئرز کی بڑھتی ہوئی طلب نے پاکستانی انجینئرز کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر دیے ہیں، جبکہ خواہشمند امیدواروں کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار بھی واضح کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جرمنی میں جدید ٹیکنالوجی، آٹوموبائل، انفراسٹرکچر، تعمیرات، آٹومیشن، مصنوعی ذہانت (AI)، الیکٹرک گاڑیوں، قابلِ تجدید توانائی اور ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں انجینئرز کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تحقیق و ترقی (Research & Development) کے شعبے میں بھی بڑی تعداد میں اسامیاں خالی ہیں، جہاں اہل اور تجربہ کار انجینئرز کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں۔

جرمنی میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کو ورک ویزا برائے کوالیفائیڈ پروفیشنلز یا EU Blue Card کے ذریعے رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

اگرچہ انجینئر کے طور پر ملازمت کے لیے جرمن زبان جاننا ہر صورت لازمی نہیں، تاہم زبان پر عبور ملازمت حاصل کرنے اور روزمرہ زندگی میں نمایاں سہولت فراہم کرتا ہے۔

جرمن حکومت نے بیرونِ ملک امیدواروں کی رہنمائی کے لیے "Make it in Germany" پلیٹ فارم پر ملازمتوں کی فہرست، درخواست دینے کا مکمل طریقہ، پیشہ ورانہ اسناد کی تصدیق، کوئیک چیک ٹول اور دیگر ضروری معلومات بھی فراہم کر رکھی ہیں تاکہ درخواست دہندگان آسانی سے اپنی درخواست مکمل کر سکیں۔