چین کی ایک عدالت نے ریئل اسٹیٹ ڈیولپر کمپنی کے ارب پتی مالک کو مختلف مالی جرائم کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنا دی۔
خبر ایجنسی کے مطابق عدالت نے ملزم کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا جبکہ اس پر 1.31 ارب امریکی ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
عدالت میں کمپنی کے مالک پر فنڈز کے غلط استعمال، فراڈ اور عوام سے غیر قانونی طور پر رقوم حاصل کرنے سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق ملزم نے رواں سال اپریل میں اپنے خلاف عائد 8 الزامات میں جرم قبول کیا تھا۔
عدالت نے کمپنی کے 5 اعلیٰ عہدیداروں کو بھی سزا سنائی، جنہیں جرم کی نوعیت کے مطابق 6 سے 18 سال تک قید اور جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عدالتی کارروائی کے نتیجے میں کمپنی کے مالک کی جائیداد ضبط کرنے کے ساتھ بھاری مالی جرمانہ بھی عائد کیا گیا، جسے چین میں مالی بے ضابطگیوں اور عوام سے غیر قانونی طور پر رقوم حاصل کرنے کے مقدمات میں ایک سخت عدالتی کارروائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔






