محکمۂ ایوی ایشن انڈسٹری کے دو اہم اداروں، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں اداروں کے عارضی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعمیر کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران پر مشتمل 7 رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس اتھارٹی صادق رحمٰن کو مشترکہ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی اسلام آباد ایئرپورٹ پر عارضی ہیڈکوارٹرز کے لیے مناسب جگہ کا تعین کرے گی۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کو نومبر جبکہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو دسمبر تک اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔
اس وقت دونوں اداروں کے مرکزی ہیڈکوارٹرز کراچی میں قائم ہیں، تاہم منتقلی کے باوجود کراچی سمیت ملک بھر میں دونوں اداروں کے ریجنل دفاتر بدستور قائم رہیں گے۔






