وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں ریلیف دینے کے باوجود رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2026 میں تنخواہ دار طبقے سے گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 2 ارب روپے زیادہ انکم ٹیکس وصول کیا گیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام کے مطابق جولائی 2026 میں تنخواہ دار طبقے سے مجموعی طور پر 44 ارب روپے انکم ٹیکس وصول ہوا، جبکہ گزشتہ سال جولائی میں یہ رقم 42 ارب روپے تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 میں تنخواہ دار طبقے سے تقریباً 30 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا گیا تھا، جس کے مقابلے میں جولائی 2026 کی وصولی نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

دوسری جانب جولائی 2026 میں جائیداد کی خرید و فروخت پر 15.5 ارب روپے ایڈوانس انکم ٹیکس بھی وصول کیا گیا۔ ایف بی آر کے مطابق جولائی میں جائیداد کے تقریباً 90 ہزار لین دین ریکارڈ کیے گئے۔

گزشتہ سال جولائی میں جائیداد کے تقریباً 60 ہزار لین دین ریکارڈ ہوئے تھے، یوں ایک سال کے دوران جائیداد کے لین دین میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوا۔

یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس میں ریلیف کا اعلان کیا تھا۔