سعودی عرب نے 2027ء کے حج کے لیے پاکستانی نژاد پاکستان اوریجن کارڈ رکھنے والے افراد کو پاکستان کے مختص حج کوٹے میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد پاکستان اوریجن کارڈ ہولڈرز پہلی مرتبہ پاکستان کے حج کوٹے کے تحت فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔

نئے انتظام کے تحت پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا ایک فیصد پاکستان اوریجن کارڈ ہولڈرز کے لیے مختص کیا جائے گا۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 2027ء میں تقریباً 1,792 پاکستانی نژاد پاکستان اوریجن کارڈ ہولڈرز پاکستان کے کوٹے کے تحت حج ادا کرنے کے اہل ہوں گے۔

یہ سہولت ایسے غیر ملکی شہریوں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو پاکستانی نژاد ہیں اور ماضی میں پاکستان کے شہری رہے ہیں، تاہم بعد میں انہوں نے پاکستانی شہریت اور پاسپورٹ ترک کردیا۔

سرکاری اور نجی حج اسکیم میں درخواست کی سہولت

پاکستان اوریجن کارڈ رکھنے والے افراد سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے ذریعے درخواست دے سکیں گے۔ تاہم ان کی حج میں شرکت سعودی عرب کی جانب سے ویزا جاری کیے جانے اور دیگر قانونی و انتظامی تقاضے پورے ہونے سے مشروط ہوگی۔

وزارت مذہبی امور پاکستان اوریجن کارڈ ہولڈرز کے لیے تفصیلی شرائط و ضوابط اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کرے گی، جبکہ درخواست کے طریقہ کار میں سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مقرر کردہ ضروریات کو بھی شامل کیا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نژاد افراد کو اس نئی سہولت، درخواست کے طریقہ کار اور شرائط سے آگاہ کیا جائے تاکہ خواہش مند افراد مقررہ طریقے کے مطابق حج کے لیے درخواست دے سکیں۔

پاکستان اوریجن کارڈ ایسے غیر ملکی شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے جو پاکستانی نژاد ہوں اور متعلقہ قوانین کے تحت پاکستان اوریجن کارڈ حاصل کرنے کے اہل ہوں۔ نئی پالیسی کے تحت ایسے افراد کو پاکستان کے حج کوٹے سے فریضہ حج ادا کرنے کا موقع ملے گا۔