ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 9.66 فیصد تک پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کئی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ پیاز کی قیمت میں 14.17 فیصد، پیٹرول 3.77 فیصد، مرغی کے گوشت میں 3.35 فیصد، لہسن 2 فیصد جبکہ چنے کی دال کی قیمت میں 0.63 فیصد اضافہ ہوا۔

دوسری جانب بعض اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ وار بنیاد پر انڈے 5.78 فیصد، ڈیزل 5.15 فیصد اور ٹماٹر 4.99 فیصد سستے ہوئے۔

سالانہ بنیاد پر کون سی اشیاء سب سے زیادہ مہنگی ہوئیں؟

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پیاز کی قیمت میں 132.52 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ ٹماٹر 93.21 فیصد، گندم کا آٹا 62.25 فیصد، ایل پی جی 51.69 فیصد اور ڈیزل 33.08 فیصد مہنگا ہوا۔

تاہم سالانہ بنیاد پر بعض اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔ آلو 30.01 فیصد، چینی 19.10 فیصد، مرغی کا گوشت 17.68 فیصد اور انڈے 17.41 فیصد سستے ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق مجموعی مہنگائی میں اگرچہ ہفتہ وار بنیاد پر معمولی اضافہ ہوا ہے، تاہم بعض بنیادی اشیاء کی سالانہ قیمتوں میں نمایاں اضافے نے گھریلو بجٹ پر دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے۔