پاکستان اور ترکی کے درمیان کاروباری روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے استنبول میں منعقدہ بزنس اپرچونٹی کانفرنس اور ایکسیلنس ایوارڈز کی تقریب میں پیراگون گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر بلال عادل کو نمایاں کاروباری کارکردگی پر ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

13 اور 14 اگست کو استنبول، ترکی میں ہونے والی اس کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستان سے تقریباً 200 رکنی کاروباری وفد نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستانی سفارتی حکام، استنبول چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو بورڈ کے اراکین، استنبول کی اعلیٰ حکومتی شخصیات اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے نمائندے شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کاروباری افراد، خصوصاً نوجوان کاروباری شخصیات کو ایکسیلنس ایوارڈز دیے گئے۔ بلال عادل کو پیراگون گروپ آف کمپنیز میں ان کی کاروباری خدمات اور کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا۔

منتظمین کے مطابق کانفرنس کا مقصد پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو فروغ دینا جبکہ کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا تھا۔