پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک ہی روز بعد ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 71 ہزار 936 روپے کا ہوگیا۔

مقامی صرافہ بازاروں میں جمعرات کے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 13 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ 10 گرام سونا 11 ہزار 746 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 4 ہزار 609 روپے کا ہوگیا۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔ فی اونس سونا 137 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 495 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔

سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 317 روپے مہنگی ہوکر 7 ہزار 169 روپے، جبکہ 10 گرام چاندی 6 ہزار 146 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فی تولہ سونا 3 ہزار 700 روپے سستا ہوا تھا اور اس کی قیمت 4 لاکھ 58 ہزار 236 روپے ہوگئی تھی۔

ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی جانب سے قیمتی دھاتوں میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سونے کی قیمت میں اضافے کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔