اسلام آباد (افضل شاہ یوسفزئی):- وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں اور ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے ریٹیلر اسکیم ایپ باقاعدہ لانچ کردی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے تاجر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں نئی اسکیم اور موبائل ایپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے مطابق ریٹیلر اسکیم تاجروں کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے، جس کا مقصد چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بناتے ہوئے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایپ گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے اور فی الحال اردو زبان میں دستیاب ہے، جبکہ ستمبر میں دیگر زبانوں میں بھی متعارف کرائی جائے گی۔

حکام کے مطابق اسکیم میں کامیاب رجسٹریشن کے بعد دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل (POS) مشین نصب کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اسکیم کے تحت ہر دکاندار کو کم از کم 25 ہزار روپے سالانہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا، جبکہ ٹیکس جمع کرانے کے بعد دکان پر مخصوص پلیٹ لگائی جاسکے گی۔

چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے بتایا کہ نئی ایپ کے ذریعے دکاندار صرف 8 سے 10 کلکس میں ٹیکس فائل کرسکیں گے اور انہیں ایف بی آر دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق جس دکان پر ٹیکس فائل کرنے کی پلیٹ موجود ہوگی، وہاں ایف بی آر کے اہلکار نہیں جائیں گے۔

راشد لنگڑیال نے کہا کہ مختلف ڈسکوز سے کمرشل ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے، تاہم اسکیم سے حاصل ہونے والی مجموعی ٹیکس آمدن کے بارے میں حتمی اندازہ لگانا قبل از وقت ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے اربوں روپے ٹیکس نیٹ میں آنے کی توقع ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا عمل آسان بنانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق ریگولر ٹیکس اسکیم کے علاوہ نئی ریٹیلر اسکیم بھی دکانداروں کے لیے ایک آپشن ہوگی۔

تاجر رہنماؤں نے اسکیم کو سراہتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسے مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے، ٹیکس نظام مزید آسان بنایا جائے اور کاروباری طبقے کو غیر ضروری مشکلات سے محفوظ رکھا جائے۔