وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان میں گوگل کے پہلے مقامی دفتر کے قیام کو ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی اور ڈیجیٹل معیشت کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی مقامی سطح پر موجودگی ملک کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ کے وژن کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح پاکستانی صلاحیتوں کو عالمی مواقع سے جوڑنا ہے تاکہ ڈیجیٹل تبدیلی کے ثمرات نوجوانوں، خواتین، اسٹارٹ اپس اور کاروباری اداروں تک وسیع پیمانے پر پہنچ سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈیجیٹل مہارتوں، مصنوعی ذہانت (AI)، کلاؤڈ ٹیکنالوجیز، تعلیم، جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ کے شعبوں میں گوگل کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔

حکومت کے مطابق گوگل کی مقامی موجودگی سے پاکستان میں ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں اور جدت کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ مقامی ٹیلنٹ کو عالمی ڈیجیٹل معیشت سے جوڑنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔