امریکا میں بہتر روزگار، پیشہ ورانہ ترقی اور ڈالر میں تنخواہ حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والے لاکھوں افراد ہر سال ورک ویزا کے لیے درخواست دیتے ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف ملازمت کی پیشکش (Job Offer) کافی نہیں بلکہ امریکی امیگریشن قوانین، ویزا کی شرائط اور دستاویزی تقاضے پورے کرنا بھی لازمی ہے۔

امریکی قوانین کے مطابق ورک ویزا دو بنیادی اقسام پر مشتمل ہوتا ہے: عارضی (Temporary Work Visa) اور مستقل (Permanent Employment Visa)۔ عارضی ویزا مخصوص مدت کے لیے جاری کیا جاتا ہے جبکہ مستقل ورک ویزا کے ذریعے مستقبل میں گرین کارڈ حاصل کرنے کا راستہ بھی ہموار ہو سکتا ہے۔

عارضی ورک ویزا کی مختلف اقسام موجود ہیں، جن میں H-1B خصوصی مہارت رکھنے والے پیشہ ور افراد، H-2A زرعی کارکنوں، H-2B غیر زرعی موسمی ملازمین، L Visa بین الاقوامی کمپنیوں کے ملازمین، O Visa غیر معمولی صلاحیت رکھنے والے افراد، P Visa کھلاڑیوں اور فنکاروں جبکہ Q-1 Visa ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے شرکاء کے لیے مخصوص ہے۔

زیادہ تر ورک ویزا کے لیے امریکی آجر (Employer) کی اسپانسرشپ ضروری ہوتی ہے۔ آجر کو پہلے امریکی شہریت و امیگریشن سروسز (USCIS) میں درخواست جمع کرانی ہوتی ہے، جس کی منظوری کے بعد ہی امیدوار ویزا کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ بعض صورتوں میں امریکی محکمہ محنت (Department of Labor) سے لیبر سرٹیفکیشن بھی لازمی ہوتی ہے۔

ویزا درخواست کے لیے کارآمد پاسپورٹ، DS-160 فارم کی تصدیقی رسید، ویزا فیس کی ادائیگی کا ثبوت، حالیہ تصویر، I-129 پٹیشن کی منظوری (I-797) اور دیگر متعلقہ دستاویزات درکار ہوتے ہیں۔ بعض کیسز میں اضافی دستاویزات بھی طلب کی جا سکتی ہیں۔

درخواست کا عمل آجر کی پٹیشن سے شروع ہوتا ہے، جس کے بعد امیدوار آن لائن فارم مکمل کرتا ہے، فیس جمع کراتا ہے، سفارت خانے میں انٹرویو دیتا ہے، بایومیٹرک مکمل کرتا ہے اور پھر ویزا فیصلے کا انتظار کرتا ہے۔ عام طور پر غیر امیگرنٹ ورک ویزا کی بنیادی فیس 205 امریکی ڈالر ہوتی ہے، تاہم بعض ویزا اقسام میں اضافی فیس بھی لاگو ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ورک ویزا ملنے کے باوجود امریکا میں داخلہ خودکار طور پر یقینی نہیں ہوتا۔ حتمی فیصلہ امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP) کے افسران داخلی مقام پر تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد کرتے ہیں۔

اسی طرح مستقل ورک ویزا کی نمایاں اقسام EB-2 اور EB-3 ہیں، جو اعلیٰ تعلیم یافتہ پیشہ ور افراد، ہنر مند کارکنوں اور اہل ملازمین کے لیے مخصوص ہیں اور مستقبل میں گرین کارڈ حاصل کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نامکمل دستاویزات، غلط معلومات، امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی یا مطلوبہ اہلیت پوری نہ ہونے کی صورت میں ورک ویزا مسترد بھی کیا جا سکتا ہے، اس لیے درخواست دینے سے قبل تازہ ترین معلومات امریکی سفارت خانے یا USCIS کی سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کرنا ضروری ہے۔