پاکستان ادارہ شماریات (PBS) نے ہفتہ وار مہنگائی کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مجموعی مہنگائی 9.66 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 39.92 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی عرصے میں ڈیزل 15.87 فیصد، پیٹرول 5.23 فیصد، انڈے 7.31 فیصد، آلو 3.70 فیصد، ایل پی جی 0.91 فیصد اور تیار دال 0.72 فیصد مہنگی ہوئی۔
سالانہ بنیادوں پر بھی متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 253.04 فیصد، پیاز 81.55 فیصد، آٹا 74.13 فیصد، ایل پی جی 46.87 فیصد، ڈیزل 31.92 فیصد جبکہ بجلی کے نرخ 22.79 فیصد تک بڑھ گئے ہیں۔
دوسری جانب ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ان میں آلو 32.69 فیصد، چنا دال 21.48 فیصد، چینی 17.67 فیصد اور چکن 13.73 فیصد سستا ہوا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق ایندھن اور خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتیں مہنگائی کے دباؤ میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں، جس کے اثرات براہِ راست عام صارفین کے گھریلو بجٹ پر پڑ رہے ہیں۔






