پنجاب کے وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی تعلقات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے حوصلہ افزا مذاکرات اور معاہدے بھی ہوئے ہیں۔
ٹورنٹو میں کینیڈا گیٹ وے ایکسپو کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ کینیڈین حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں اور کینیڈین وفود جلد پنجاب کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، سویا بین، چمڑے اور دیگر پاکستانی مصنوعات کی کینیڈا کو برآمدات بڑھانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوئے ہیں۔ پاکستان سے کینیڈا کو نمک برآمد کرنے پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق پاکستان پہلے ہی بڑی تعداد میں سرجیکل آلات امریکا اور کینیڈا کو برآمد کر رہا ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ حکومت پنجاب غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات اور تحفظ فراہم کر رہی ہے، جبکہ پنجاب میں ملکی و غیر ملکی صنعت کاروں کے لیے ٹیکس فری زونز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ رابطے اور تعاون بھی تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔






