پنجاب حکومت نے کم آمدن والے خاندانوں کے لیے گھروں کی مرمت، چھتوں کی بحالی اور بالائی منزل کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا طریقۂ کار جاری کر دیا ہے۔
حکومت کے مطابق یہ سہولت "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے لیے دو مختلف قرضہ کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں۔ ایک مکمل ہاؤسنگ قرضے کے لیے جبکہ دوسری گھر کی مرمت اور چھت کی بحالی کے لیے مخصوص ہے۔
قرضے کے لیے درخواست گزار کا پنجاب کا مستقل رہائشی، نادرا سے تصدیق شدہ شناختی کارڈ کا حامل اور شہری علاقوں میں پانچ مرلہ یا دیہی علاقوں میں دس مرلہ تک رہائشی جائیداد کا مالک ہونا ضروری ہے۔ درخواست کے وقت عمر 21 سے 60 سال کے درمیان ہونی چاہیے، جبکہ درخواست گزار کسی بینک یا مالیاتی ادارے کا ڈیفالٹر یا کسی سنگین فوجداری جرم میں سزا یافتہ نہیں ہونا چاہیے۔
درخواست دینے کے لیے شہری سرکاری آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد مطلوبہ قرضہ کیٹیگری منتخب کریں اور شناختی کارڈ، جائیداد کی فرد اور گھر کی تصاویر اپ لوڈ کریں۔
حکومت نے عوام کی رہنمائی کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ دفاتر میں ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے ہیں، جبکہ مزید معلومات کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن بھی جاری کی گئی ہے۔






