بلوچستان کی پہلی خاتون کوہ پیما ملائکہ خلجی نے اسکردو میں واقع تقریباً 6 ہزار میٹر بلند کھوسر گنگ چوٹی کامیابی سے سر کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ کوئٹہ واپسی پر ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور شہریوں نے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملائکہ خلجی نے کہا کہ بلوچستان کی پہلی خاتون کوہ پیما بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھوسر گنگ چوٹی سر کرنے کے دوران سخت موسمی حالات، دشوار گزار راستوں اور دیگر چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، لیکن عزم اور حوصلے نے انہیں کامیابی دلائی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں کوہ پیمائی اور ہائیکنگ کے شعبے کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوان، خصوصاً خواتین، اس میدان میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔

ملائکہ خلجی نے کہا کہ اگر مناسب سہولیات اور سرپرستی فراہم کی جائے تو پاکستان کے نوجوان بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔