اسپین کے اسٹار فٹبالر مارک کوکوریلا کے لمبے اور گھنگریالے بال برسوں سے ان کی پہچان بنے ہوئے ہیں، تاہم حالیہ انکشاف نے دنیا بھر کے مداحوں کو جذباتی کر دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ صرف ایک منفرد انداز نہیں بلکہ اپنے بڑے بیٹے ماٹیو سے محبت کی علامت ہے، جو آٹزم کا شکار ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوکوریلا نے جان بوجھ کر اپنے بال لمبے رکھے ہیں اور وہ میچوں کے دوران انہیں باندھتے بھی نہیں، تاکہ ان کا بیٹا میدان میں دور سے آسانی سے انہیں پہچان سکے۔ ان کے نزدیک یہ ایک باپ کی اپنے بچے کے لیے محبت اور احساسِ ذمہ داری کا اظہار ہے۔

حال ہی میں اسپین کی عالمی فٹبال کامیابی کے بعد مارک کوکوریلا کی یہ ذاتی کہانی دوبارہ سوشل میڈیا اور بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

رپورٹس کے مطابق مارک کوکوریلا اور ان کی پارٹنر کلاڈیا روڈریگیز کو اس وقت شدید ذہنی اور جذباتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے بیٹے ماٹیو میں آٹزم کی تشخیص ہوئی۔

ایمازون پرائم کی ایک دستاویزی فلم میں کلاڈیا روڈریگیز نے بتایا کہ جب انہیں احساس ہوا کہ ان کا بیٹا دوسرے بچوں سے مختلف انداز میں نشوونما پا رہا ہے تو وہ ہر روز شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے بیٹے کو اسکول چھوڑنے کے بعد واپسی پر اکثر رویا کرتی تھیں، جبکہ اسی دوران وہ اپنے دوسرے بچے ریو کی پیدائش کے مرحلے سے بھی گزر رہی تھیں۔

مارک کوکوریلا نے بھی اعتراف کیا کہ آٹزم کی تشخیص کو قبول کرنا ان کے لیے آسان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب والدین کو معلوم ہوتا ہے کہ ان کا بچہ آٹسٹک ہے تو وہ اس صورتحال کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں ہوتے، لیکن وقت کے ساتھ انہوں نے اس حقیقت کو قبول کیا اور اپنے بیٹے کی ہر ممکن مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا ایک جذباتی جملہ آن لائن بھی وائرل ہو گیا، جس میں انہوں نے کہا:

کاش میرے پاس کوئی دولت نہ ہوتی، اگر اس کے بدلے میرا بیٹا مکمل طور پر صحت مند ہو جاتا۔

مارک کوکوریلا اور کلاڈیا روڈریگز 2018 سے ایک ساتھ ہیں اور تین بچوں — ماتیو، ریو اور بیلا — کے والدین ہیں۔ ان کی کہانی نے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے، جو فٹبال سے ہٹ کر ایک باپ اور اس کے بچے کے گہرے رشتے کو نمایاں کرتی ہے۔