چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے ملک بھر سے نئے کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں 1400 اسکولوں کے 21 ہزار طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 2900 میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل دسمبر میں ہوگا۔
محسن نقوی کے مطابق ٹاپ 50 ٹیموں کو پی سی بی اپنائے گا۔ ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کی تربیت اور غذائیت کا خیال رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں اسکولوں میں کرکٹ گراؤنڈ یا دیگر سہولیات نہیں ہوں گی، وہاں پی سی بی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرے گا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ اسکول کرکٹ کے لیے ڈائریکٹر اسکول کرکٹ بھی تعینات کیا جائے گا۔ ایک مکمل ٹیم سال بھر اسکولوں کے ساتھ رابطے میں رہے گی۔
ان کے مطابق صرف ٹیم کی کارکردگی دیکھنا کافی نہیں۔ کسی ٹیم میں کمزور کارکردگی کے باوجود کوئی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہوسکتا ہے۔ اس لیے کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی بھی دیکھی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 25 نوجوان کھلاڑیوں پر پہلے ہی اکیڈمی کی سطح پر کام جاری ہے۔ ان کے بارے میں جلد اہم اعلان متوقع ہے۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ اگلے سال پروگرام میں شامل اسکولوں کی تعداد 2 ہزار سے زیادہ ہوجائے گی۔






