کراچی کے نوجوان وکٹ کیپر محمد غازی غوری نے پاکستان کرکٹ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا اور انگلینڈ کے خلاف برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز ٹیسٹ کیپ حاصل کرکے پاکستان کے 266ویں ٹیسٹ کرکٹر بن گئے۔

غازی غوری نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 2020 میں کراچی کے زون 6 کے میٹروپولیٹن کلب سے کیا، جس کے اگلے ہی برس انہیں پاکستان کرکٹ کلب کے لیے منتخب کرلیا گیا۔ وہ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے 4 ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیل چکے ہیں۔

16 مارچ 2003 کو کراچی میں پیدا ہونے والے غازی غوری کا تعلق نارتھ ناظم آباد سے ہے۔ ان کے کرکٹ سفر میں پاکستان کرکٹ کلب کے سیکریٹری اعظم خان سمیت کئی اہم شخصیات کا کردار رہا، جبکہ سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد اور کوچ عاصم رضوی نے بھی ابتدائی دور میں ان کی رہنمائی کی۔

غازی غوری نے 2023 میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سرفراز احمد کی قیادت میں کراچی ریجن وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے فیصل آباد ریجن کے خلاف فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا۔ سرفراز احمد نے انہیں وکٹ کیپنگ میں خصوصی تربیت دی اور کئی میچوں میں خود فیلڈنگ کرتے ہوئے غازی غوری کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سونپی۔

پاکستان کرکٹ میں کراچی کو ہمیشہ سے اہم نرسری سمجھا جاتا ہے اور زون 6 کے پاکستان کرکٹ کلب نے بھی قومی سطح پر کئی نمایاں کھلاڑی فراہم کیے ہیں۔ سرفراز احمد، شان مسعود، اسد شفیق، صائم ایوب، سعود شکیل، فخر زمان اور دیگر کئی کھلاڑی اس کلب سے وابستہ رہے ہیں۔

غازی غوری کا ٹیسٹ ڈیبیو نہ صرف ان کے ذاتی کیریئر کا اہم مرحلہ ہے بلکہ پاکستان کرکٹ کلب اور کراچی کے ڈومیسٹک کرکٹ نظام کے لیے بھی ایک نمایاں کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔