ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے 39 سال کی عمر میں بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ میسی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ فیصلہ ان کے لیے تکلیف دہ ہے، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ اب قومی ٹیم سے الگ ہونے کا درست وقت آ گیا ہے۔
میسی نے 2005 میں ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور تقریباً 21 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے دوران 207 میچز میں 125 گول کیے۔ وہ ارجنٹائن کے سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔
میسی کی قیادت میں ارجنٹائن نے 2021 اور 2024 کوپا امریکا جبکہ 2022 کا فیفا ورلڈ کپ جیتا۔ 2026 ورلڈ کپ میں بھی ارجنٹائن نے فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد میسی کا بین الاقوامی کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔
میسی نے واضح کیا کہ وہ فٹبال سے مکمل طور پر ریٹائر نہیں ہو رہے بلکہ ان کا فیصلہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم تک محدود ہے۔ وہ اپنے کلب انٹر میامی کے لیے کھیلتے رہیں گے۔






