پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے عالمی سطح پر ایک اور گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
عرفان محسود نے 10 کلوگرام وزن کے ساتھ ایک منٹ میں 38 فل ایکسٹنشن پنچز لگا کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس کیٹیگری میں اس سے قبل 30 پنچز کا ریکارڈ ہدف تھا، جسے عرفان محسود نے نمایاں فرق سے توڑ دیا۔
عرفان محسود پش اپس اور طاقت سے متعلق مختلف کیٹیگریز میں اب تک 70 سے زائد عالمی ریکارڈز قائم کرچکے ہیں۔ وہ 100 پاؤنڈ، 80 پاؤنڈ، 60 پاؤنڈ اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ بھی متعدد عالمی ریکارڈز اپنے نام کرچکے ہیں۔
ان کے ریکارڈز میں پش اپس، اسکواٹس، جمپنگ جیکس، اسٹیپ اپس، نی اسٹرائیکس، ایلبو اسٹرائیکس، سائیڈ جمپس، ہائی جمپس اور اسٹار جمپس سمیت مختلف طاقت اور فٹنس کیٹیگریز شامل ہیں۔
عرفان محسود نے مختلف ممالک کے سابق عالمی ریکارڈز بھی توڑے ہیں، جن میں امریکا، برطانیہ، بھارت، چین، ناروے، جرمنی، فرانس، فن لینڈ، فلپائن، اسپین، اٹلی، لبنان، مصر، عراق، پاکستان اور شام سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔
ان کی کامیابی کا ایک اور نمایاں پہلو یہ ہے کہ ان کے 20 شاگرد بھی گینیز ورلڈ ریکارڈز قائم کرچکے ہیں، جس سے پاکستان میں مارشل آرٹس اور طاقت کے کھیلوں کے فروغ میں ان کے کردار کو اجاگر کیا جاتا ہے۔






