اسلام آباد کے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں 1st Meinhardt گریڈ اے پلس نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کے مین ڈرا کا آغاز ہوگیا، جس میں ملک کے صفِ اول کے ٹینس کھلاڑی ایکشن میں ہیں۔
چیمپئن شپ میں عقیل خان، مزمل مرتضیٰ، محمد شعیب، برکت اللہ، مدثر مرتضیٰ، حمزہ رومان، ابوبکر طلحہ، احمد نائل قریشی، اُشنا سہیل، ماہین آفتاب قریشی اور دیگر نمایاں کھلاڑی شریک ہیں۔
11 کیٹیگریز، 400 سے زائد انٹریاں
ٹورنامنٹ کو کھلاڑیوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے اور 11 مختلف کیٹیگریز میں 400 سے زائد انٹریاں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں مینز اور لیڈیز سنگلز و ڈبلز کے علاوہ بوائز اور گرلز انڈر 12، انڈر 14 اور بوائز انڈر 18 مقابلے شامل ہیں، جبکہ مینز 40 پلس اور 50 پلس ڈبلز بھی کھیلے جا رہے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کے لیے مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔
مینز سنگلز میں اہم مقابلے
مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں محمد حمزہ عاصم نے ہیرا عاشق کو، سمیع زیب خان نے محمد طلحہ خان کو جبکہ عبدال باسط نے عزیر خان کو شکست دی۔
ابوبکر طلحہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شہزاد خان کو 3-6، 6-1، 7-6(2) سے شکست دی، جبکہ حسن عثمانی نے شاکر اللہ کو 6-0، 6-0 سے ہرایا۔
احمد نائل قریشی، محمد شعیب اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی اپنے اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔
بوائز انڈر 18 کے پہلے راؤنڈ میں بھی کئی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، جبکہ بعض کھلاڑیوں نے واک اوور کے ذریعے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔
اسلام آباد میں بارش کے باعث میچز کچھ دیر متاثر ہوئے، تاہم موسم بہتر ہونے کے بعد کھیل دوبارہ شروع کردیا گیا اور مقابلے جاری رہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل نے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئن شپ قومی کھلاڑیوں کو اپنی رینکنگ بہتر بنانے اور اعلیٰ معیار کی ٹینس کھیلنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔






