اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں دونوں جانب سے کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔ پی سی بی کے مطابق ایرانی وفد نے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی۔ وفد کو پاکستان میں کرکٹ کے نظام، تربیتی سہولتوں اور مختلف کرکٹ سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ ایرانی وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا اور وہاں موجود تربیتی و کرکٹ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور مزید باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ایرانی جونیئر اور سینئر ٹیموں کو پاکستانی کوچز کی جانب سے کوچنگ فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ دونوں کرکٹ اداروں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور کرکٹ کے فروغ کے لیے مستقبل میں مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
کھیل
ایرانی کرکٹ وفد کا پی سی بی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، باہمی تعاون پر اہم پیش رفت

کھیل · The Frontier Voice





