مصر کے اسکواش کھلاڑی سلمان خلیل نے پاکستان کے ناصر اقبال کو شکست دے کر پاکستان نیوی فلیٹ کلب اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان نیوی روشن خان، جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں مصر کے تیسرے سیڈ سلمان خلیل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصر اقبال کو اسٹریٹ گیمز میں 14-12، 11-3 اور 13-11 سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کی مجموعی انعامی رقم 41 ہزار امریکی ڈالر تھی، جبکہ اختتامی تقریب میں کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل امین مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان اور سابق گورنر سندھ معین الدین حیدر بھی موجود تھے۔
مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل فیصل امین نے کہا کہ پاکستان نیوی مستقبل میں بھی کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔
اس موقع پر سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد نے اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں بھاری انعامی رقم کے مزید بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں گے۔
اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے اپنی گفتگو میں امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑی لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں گے اور ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کو مکمل توجہ، محنت اور لگن کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔






