برازیل سے تعلق رکھنے والے معروف مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر اور یو ایف سی اسٹار ایلن ناسیمینٹو 34 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ یو ایف سی نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ نیند کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔
یو ایف سی کے مطابق ایلن ناسیمینٹو پیر کی صبح اپنے گھر میں بے ہوش حالت میں پائے گئے۔ طبی عملے نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم موقع پر ہی ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
ادارے کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ایلن ناسیمینٹو کے اہلِ خانہ، دوستوں، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا جاتا ہے۔
ایلن ناسیمینٹو نے 2021 میں یو ایف سی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کا آخری مقابلہ رواں سال جون میں مچ راپوسو کے خلاف ہوا تھا، جس میں انہیں سخت مقابلے کے بعد اسپلٹ فیصلے کے ذریعے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اپنے پیشہ ورانہ ایم ایم اے کیریئر میں انہوں نے مجموعی طور پر 29 مقابلے لڑے، جن میں 22 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 7 مقابلوں میں شکست ہوئی۔ یو ایف سی میں ان کا ریکارڈ 6 مقابلوں میں 4 فتوحات اور 2 شکستوں پر مشتمل تھا۔






