پاکستان ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ورلڈ کپ 2026 میں جاپان کو 4-3 سے شکست دے کر 16 سال بعد ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
ایمسٹلوین میں کھیلے گئے کلاسیفکیشن میچ میں جاپان نے ابتدا میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے کوارٹر میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔
جاپان کی جانب سے ہیوتا یامادا نے ساتویں اور کائیٹو تاناکا نے 15ویں منٹ میں گول کیے۔
پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں شاندار کم بیک کیا۔ رانا وحید اشرف نے 22ویں اور 32ویں منٹ میں دو گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔
اس کے ایک منٹ بعد حمادالدین محمد نے گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلائی، تاہم جاپان نے 36ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ دوبارہ برابر کردیا۔
فیصلہ کن مرحلے میں حنان شاہد نے 41ویں منٹ میں پاکستان کے لیے چوتھا گول کیا۔ جاپان نے آخری لمحات میں برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن پاکستان کی دفاعی لائن نے برتری برقرار رکھی۔
یہ پاکستان کی 2010 کے بعد ورلڈ کپ میں پہلی فتح ہے۔ پاکستان نے 2014 کے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کی، جبکہ 2018 میں بھی کوئی میچ نہیں جیت سکا تھا اور 2023 کے ایونٹ کے لیے کوالیفائی نہیں کیا تھا۔






