ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز کل 15 اگست سے بیلجیم اور نیدرلینڈز میں ہوگا، جس میں پاکستان اور بھارت سمیت دنیا کی 16،16 مردوں اور خواتین کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ 30 اگست تک جاری رہے گا۔

میگا ایونٹ کے مینز ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے اور دونوں روایتی حریف 19 اگست کو نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹلوین کے واگنر اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت کا ورلڈ کپ میں 16 سال بعد سامنا ہوگا۔

پاکستان اپنی مہم کا آغاز 15 اگست کو انگلینڈ کے خلاف کرے گا، جبکہ 17 اگست کو ویلز اور 19 اگست کو بھارت کے خلاف اہم میچ کھیلے گا۔ بھارت 15 اگست کو ویلز، 17 اگست کو انگلینڈ اور 19 اگست کو پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گا۔

عالمی کپ کی تاریخ میں پاکستان اور بھارت اب تک پانچ مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکے ہیں، جن میں بھارت نے تین جبکہ پاکستان نے دو مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ 1975 کے ورلڈ کپ کا فائنل بھی دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ہوا تھا، جس میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

پاکستان ہاکی ورلڈ کپ کی تاریخ میں چار مرتبہ عالمی چیمپئن رہ چکا ہے۔ قومی ٹیم نے 1971، 1978، 1982 اور 1994 میں عالمی اعزاز حاصل کیا، جبکہ بھارت نے 1975 میں ایک مرتبہ ورلڈ کپ جیتا۔

2026 کے ایونٹ میں روایتی کوارٹر فائنل کے بجائے نیا فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے۔ ابتدائی پول مرحلے کے بعد ٹیمیں کراس اوور پولز میں تقسیم ہوں گی اور مزید میچز کھیلیں گی، جس کے بعد بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ سیمی فائنلز 28 اگست جبکہ کانسی اور فائنل کے مقابلے 30 اگست کو ہوں گے۔