کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کراچی کی خستہ حال صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی موجودہ حالت دیکھ کر شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے، جو لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے، لیکن بنیادی سہولیات کی کمی، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ناقص سیوریج نظام، صفائی کے مسائل اور پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی جیسے مسائل افسوسناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ کئی سال بعد کراچی آئے تھے اور امید تھی کہ شہر میں نمایاں ترقی اور تعمیراتی کام نظر آئیں گے، مگر صورت حال میں خاطر خواہ بہتری دکھائی نہیں دی، جو انتہائی مایوس کن ہے۔
سابق کپتان نے خاص طور پر یونیورسٹی روڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک کئی برسوں سے تعمیراتی کاموں کی زد میں ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شاہد آفریدی نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کراچی کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں کراچی ایک بہتر اور ترقی یافتہ شہر بنے گا۔






