اسلام آباد:- (افضل شاہ یوسفزئی) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب نے نجی کلینکس، لیبارٹریز، ڈائیگناسٹک سینٹرز اور ہسپتالوں میں ایف بی آر کے پی او ایس (الیکٹرانک انوائسنگ نظام ) کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایم اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر کامران سعید، سیکریٹری ڈاکٹر کامران احمد، ڈاکٹر ظفر، ڈاکٹر عمران اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ کلینکس میں الیکٹرانک انوائسنگ نظام کی تنصیب ناقابل قبول ہے اور اس کے خلاف خدمات کی فراہمی معطل کرنے سمیت احتجاج کیا جائے گا۔ پی ایم اے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ طبی مراکز میں پی او ایس نظام کا نفاذ ڈاکٹر اور مریض کے درمیان رازداری کے اصولوں سے متصادم ہے۔ ان کے مطابق کلینکس میں الیکٹرانک انوائسنگ نظام چلانے کے لیے اضافی عملہ، الگ جگہ، انٹرنیٹ اور بجلی سمیت اضافی وسائل درکار ہوں گے، جبکہ انٹرنیٹ یا مشین میں خرابی کی صورت میں طبی خدمات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کی جانب سے مریض کا معائنہ اور طبی مشورہ کسی ریٹیل دکان پر ہونے والی خرید و فروخت کے مترادف نہیں، اس لیے نجی کلینکس، لیبارٹریز، ڈائیگناسٹک سینٹرز اور ہسپتالوں کو لازمی نظام سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ پی ایم اے پنجاب نے ایف بی آر کی جانب سے ہسپتالوں اور کلینکس پر چھاپوں اور مبینہ ہراساں کیے جانے کا سلسلہ روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر کسی ڈاکٹر پر اضافی ٹیکس واجب الادا ہے تو قانون کے مطابق باقاعدہ آڈٹ، شواہد اور قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ پی ایم اے رہنماؤں کے مطابق پی او ایس نظام کلینکس میں مریضوں کو دی جانے والی رعایت، سبسڈی یا مفت علاج کی درست عکاسی نہیں کر سکتا، جس سے رعایت حاصل کرنے والے مریضوں کی مد میں بھی مکمل ٹیکس عائد ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایم اے پنجاب کے اجلاس میں ایف بی آر کے اقدام کو مسترد کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر صوبائی اور وفاقی چیپٹرز نے بھی اس معاملے پر اجلاس طلب کر لیے ہیں۔ پی ایم اے پنجاب کے رہنماؤں نے کہا کہ تمام صوبائی اور وفاقی باڈیز کے اجلاسوں کے بعد مرکزی پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملک بھر میں احتجاج کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔
صحت
پی ایم اے پنجاب کا ایف بی آر کا پی او ایس نظام مسترد، ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

صحت · The Frontier Voice





