امریکا میں آنتوں کے انفیکشن سائیکلوسپوریاسس (Cyclosporiasis) کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، جو اب تک 9 ریاستوں تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 8 ہزار سے زائد افراد متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مشی گن ہے، جہاں مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے میں عملے کی کمی اور وفاقی فنڈنگ میں کمی کے باعث وبا پر قابو پانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) نے اس بیماری کے حوالے سے ہیلتھ الرٹ جاری کیا تھا۔ اس بیماری کی علامات میں شدید اسہال، پیٹ درد اور معدے کی دیگر پیچیدگیاں شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں وبا کا تعلق ٹیکو بیل ریسٹورنٹس میں استعمال ہونے والی آئس برگ لیٹس سے جوڑا گیا، جس کے بعد متعلقہ سپلائر کی مصنوعات واپس منگوا لی گئیں۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ بعض مریضوں کا اس خوراک سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا، جس سے دیگر ممکنہ ذرائع کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔






