بہریہ انکلیو انتظامیہ نے پاکستان ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر متعدد غیر رجسٹرڈ کیفے اور ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ علاقے میں کام کرنے والے تمام فوڈ بزنسز قانونی تقاضوں کے مطابق رجسٹرڈ ہوں اور متعلقہ قوانین پر مکمل عمل درآمد کریں۔

جاری کردہ نوٹسز کے مطابق Gloria Jean’s Coffee، Cafe Macaw، Wild Wings، Hot and Spicy، Hafism Coffee and Cake، Burgeriza اور Cafe 007 سمیت متعدد معروف کیفے اور ریسٹورنٹس مبینہ طور پر مطلوبہ رجسٹریشن کے بغیر کاروبار کر رہے تھے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ کاروباری اداروں نے پاکستان ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایکٹ کے تحت لازمی رجسٹریشن کے بغیر اپنی سرگرمیاں جاری رکھ کر قانون کی خلاف ورزی کی۔

حکام نے تمام متعلقہ کیفے اور ریسٹورنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ شوکاز نوٹسز کا بروقت جواب دیں، اپنی قانونی حیثیت واضح کریں اور تمام ضروری ضوابط کی تعمیل یقینی بنائیں۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ادارے نے مقررہ قانونی تقاضے پورے نہ کیے یا خلاف ورزی جاری رکھی تو اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔