لاہور ہائیکورٹ نے میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافے سے متعلق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ کیس کی سماعت جسٹس خالد اسحاق نے سینٹرل پارک میڈیکل کالج کی درخواست پر کی۔
درخواست گزار کے وکیل رمضان ڈھڈی نے عدالت کو بتایا کہ کالج نے داخلے کے لیے طلبہ سے 21 لاکھ روپے فیس وصول کی، جبکہ پی ایم ڈی سی نے سالانہ فیس میں 5 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ وکیل کے مطابق پی ایم ڈی سی کو فیسوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ طلبہ سے کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) کی بنیاد پر اضافی رقم وصول کرنے سے متعلق بھی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جبکہ فیسوں میں اضافے کا اختیار قانون سازی کے ذریعے پارلیمنٹ کے پاس ہے۔
دوسری جانب پی ایم اینڈ ڈی سی نے بی ڈی ایس کے پانچ سالہ پروگرام سے متعلق اپنا سابقہ نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا ہے۔ نئے انتظام کے تحت بی ڈی ایس طلبہ کی تعلیمی تعلیم چار سال میں مکمل ہوگی، جبکہ اس کے بعد ایک سال کی کلرک شپ لازمی ہوگی۔
کونسل کے مطابق کلرک شپ کے دوران طلبہ کو اضافی ایک سال کی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی۔ ادارے کے لیے کلرک شپ کے دوران معاوضہ دینا لازمی قرار نہیں دیا گیا۔ پی ایم اینڈ ڈی سی نے 8 جولائی 2026 کو جاری کردہ بی ڈی ایس فریم ورک نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے تعلیمی ڈھانچے، نصاب اور ہاؤس جاب فریم ورک کا جامع جائزہ شروع کردیا ہے۔






